بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے حلف اٹھا لیا۔ نئی حکومت کے اراکین کی رہائش اور دفاتر کے لئے مناسب جگہ نہ ہونا انتظامیہ کے لئے درد سر بن گیا۔
مجموعی طور پر کابینہ میں 15 ارکان شامل ہونگے۔ نئی حکومت کا ویژن بنگلہ دیش کو مستحکم کرنا ہے۔
نئی حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس ہیں، اس نئی حکومت میں طلبا اتحاد کے رہنماؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے صدر شہاب الدین نے نئی کابینہ سے آج حلف لیا ہے۔ عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور مشیروں کے لیے 18 گاڑیاں بھی تیار کی گئی تھیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے اراکین کو ان مختص کی گئی گاڑیوں میں انکی رہائشگاہوں سے گنا بھابن تک پہنچایا گیا تاکہ اراکین حلف برداری کی تقریب میں شریک ہو سکیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد منٹو روڈ ڈھاکا میں واقع سرکاری گیسٹ ہاؤس جمنا میں رہائش پذیر ہوں گے۔
شیخ حسینہ کے ملک چھوڑنے کے بعد بڑی تعداد میں مظاہرین وزیراعظم کے دفتر اور سرکاری رہائشگاہوں میں داخل ہوگئے تھے، جہاں لوگوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے خوب لوٹ مار بھی کی تھی، جس کے نتیجے میں یہ دونوں مقامات فی الحال دفتر کے کام یا رہائش کیلئے موزوں نہیں ہیں۔
چیف ایڈوائزر کے دفتر اور رہائش گاہ کی تیاری میں شامل کئی افسران نے بتایا کہ عبوری حکومت کے قیام کے فیصلے کے بعد کابینہ ڈویژن کے اہلکار جمنا کو چیف ایڈوائزر کے دفتر اور رہائشگاہ کے طور پر ترتیب دینے کے لیے صدر کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔
ایک اور اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دفتر اور گنابھابن کی فوری مرمت کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جبکہ ایک کمیٹی پہلے ان دونوں اہم ریاستی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگائے گی اور پھر فوری مرمت شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیشی وزیرِاعظم حسینہ واجد ایک ماہ سے جاری عوامی احتجاج کی وجہ سے گزشتہ پیر کو استعفیٰ دینے کے بعد ملک سے فرار ہوگئی تھیں جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھالتے ہی عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔