مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر 7 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
حرمین شریفین کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری کردہ پیغام کے مطابق 9 اگست بروز جمعہ کو مسجد نبوی ﷺ کے امام اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کریں گے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبویﷺ کے امام 7 روزہ دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کریں گے۔
امام شیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
اسکے علاوہ وہ لاہور کا دورہ بھی کریں گے اور اس موقع پر ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات بھی شیڈول کا حصہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسجد نبوی کے امام پاکستانی علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستان آمد پر وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین، سعودی سفیر نواف سعید المالکی، سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی صدر پاکستان سے ملاقات بھی ہوئی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مسجد نبویﷺ کے امام نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔