چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ہماری عدلیہ نہ صرف عدالت چلا سکتی ہے بلکہ ملک میں ڈیم بھی بنا سکتی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے، ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لیاری کے بچے فیفا ورلڈ کپ بھی جیت کر لاسکتے ہیں، وفاق، وزیر کھیل اور صوبائی وزراء کے ساتھ بیٹھ کر انڈوومنٹ فنڈ قائم کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل ملک میں نفرت کی سیاست ہو رہی ہے، ملک میں جس قسم کی سیاسی تقسیم ہے، ایسی تقسیم کبھی نہیں دیکھی، ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بھی خراب ہوچکی ہے، اگر ٹی وی آن کریں تو ہم ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہوتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کایہ کہنا تھا سیاسی کارکن بنگلا دیش کے حالات کو دیکھ رہے ہیں، بنگلا دیش میں شہیدوں کے کوٹے سے متعلق احتجاج ہوا۔
بنگلہ دیشی عوام پر جب سڑکوں پر نکلی تو حسینہ واجد کو حکومت چھوڑنا پڑی، ہمیں عوام کے مسائل کی طرف توجہ مبذول کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان فاصلہ نظر آ رہا ہے، ایک ادارہ بار بار مداخلت کرتا ہے، عدلیہ کی تاریخ ہمارے سامنے ہے، عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے ،ہماری عدلیہ اتنی اہل ہے کہ ڈیم بھی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔