پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلئے آئی سی سی میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری مقرر کیے گئے ہیں جبکہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو اور جنوبی افریقا کے ایڈرین ہولڈ اسٹوک آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔
دو روز قبل پی سی بی کی جانب سے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔
شان مسعود کپتان اور سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ وہ بنگلادیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت بھی کریں گے۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گِلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال (فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی (انجرڈ)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (انجرڈ)، نعمان علی اور ساجد خان اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
علاوہ ازیں قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلادیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے لیے بھی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور عمر امین
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایڈرین ہولڈ اسٹوک اور انگلینڈ کے مائیکل گف امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی کے جناح اسٹیڈیم میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک شیڈول ہے۔