لاہور، وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ صحت بخش غذاؤں سے ہی انسان ارشد ندیم جیسا کھلاڑی بن سکتا ہے۔
لاہور میں فوڈ ایشیا ایکسپو میں فوڈ بزنس فیسیلیٹیشن کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ ایکسپو میں 11 ممالک سے فوڈ بزنس کمپنیوں کی شرکت ایک مثبت امیج اجاگر کرے گی۔
بلال یاسین کا اس معاملے میں یہ کہنا تھا کہ صحت بخش غذاؤں کے استعمال سے ہی انسان ارشد ندیم جیسے قومی ہیرو بن سکتا ہے، پاکستان کی آنیوالی نئی نسل کو غذائی قلت سے بچانے کیلئے محکمہ خوراک عملی اقدامات کررہا ہے۔
وزیرخوراک پنجاب نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مفت نیوٹریشن پلان مہم بھی جلد عوام کو میسر ہوگی، عوام کیلئے آٹے کو بھی جلد سستا کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیاگیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا، ارشد ندیم نے مشکلات اور غیر متزلزل محنت کے باوجود 40 سال بعد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا ہے۔