جعلی شناخت اور نقلی دستاویزات دکھانے پر دو ملزمان کو ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ سے نقلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی امیگریشن کاونٹر پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے نقلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا، تفصیلات کے مطابق دونوں ملزمان وزٹ ویزے پر سنیگال جا رہے تھے۔
ایف آئی اے اہلکاروں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت محمد عدیل اور مجاہد علی کے نام سے ہوئی ملزمان کو جب امیگریشن کاونٹر پر بلا کر سوالات کیے گئے تو وہ خاطر خواہ جوابات نہیں دے سکے۔ جس سے اہلکاروں کے شک میں اضافہ ہو گیا۔ بعد ازاں مزید تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ دونوں مسافروں کے دستاویزات جعلی ہیں۔
ان ملزمان کے پاسپورٹ پر یونان اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹمپ بھی لگی ہوئی تھی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کاروائی کے لئے کراچی سرکل کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کر دیا گیا اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دونوں مسافروں سے جعلی شناخت کے متعلق پوچھ گچھ کرنے کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایف آئی آر میں متعلقہ دفعات کو بھی شامل کیا جائے گا۔