کراچی سٹی کورٹ نے بچے سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزم کو 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنا دی۔
مجرم سیف اللہ عرف قاری پر استغاثہ نے جرم ثابت کر دیا اور زیادتی کا شکار ہونے والے بچے کے عدالت کے سامنے بیان میں بھی کوئی تضاد نہیں، عدالت کے ریمارکس۔
استغاثہ کے کردار کو سراہتے ہوئے فاضل جج صاحب نے ریمارکس دیئے کہ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے اور میڈیکل رپورٹ سے بھی سیف اللہ عرف قاری کا جرم ثابت ہو گیا ہے، لہذا عدالت ملزم کو 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتی ہے۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والا بچہ اپنے گھر کے باہر دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا اسی دوران مجرم سیف اللہ نے اس کو دودھ منگوانے کے بہانے سے گھر بلایا اور پھر بہانے سے اس کو اندر لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
دو دن کے بعد بچے کی طبیعت خراب ہونے پر جب اس کا چیک اپ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سول سوسائٹی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہوئی نظر آئی اور سوشل ورکرز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیصلے ہی جنسی ہراسگی کے واقعات میں کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔