لاہور، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ 2024 انتخابات کا سال ہے، اور ہماری کسی سے بھی کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سیاستدان آئینی حدود میں رہ کر سیاست کریں، آئین کے آرٹیکل 7 کے مطابق ریاست مجلس شوری ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اور پاک فوج کے درمیان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی خلا بنا رہی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آزاد ہونا چاہیے، 2024 الیکشن کا سال ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل اور اس بھنور سے کوئی مضبوط وزیراعظم ہی نکال سکتا ہے، یہ فارم 47 کی حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔
عمر ایوب نے کہا ہے کہ کل بجلی کی قیمت میں اڑھائی روپے فی یونٹ اضافہ ہوا ہے، جس شخص کی تنخواہ 20 یا 25 ہزار روپے ہے وہ اپنا اور اپنی فیملی کا گزر بسر کس طرح کر سکے گا۔
دوسری جانب عدالت نے خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ہے۔
لاہور، انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے معروف رائٹر خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں گرفتار ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی ہے۔