الجزائر سے تعلق رکھنے والی باکسر ایمان خلیف نے پیرس اولمپکس میں ایک بڑے صنفی تنازع کا سامنا کیا ہے۔
لیکن اب رونالڈ گیروس میں موجود جوش و خروش سے بھرپور تماشائیوں اور تنقید کرنے والے حاضرین کے سامنے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایمان خلیف نے خواتین کے 66 کلوگرام کی کیٹیگری کے فائنل میں چین کی باکسر یانگ لیو کے خلاف کامیابی حاصل کی یہ لمحہ الجزائر کے لئے ناقابل فراموش تھا مقابلے کے بعد انہیں ٹیم کے ممبرز نے کندھوں پر اٹھا کر پورے میدان کا چکر لگایا۔
ایمان خلیف اور تائیوان کی باکسر لن یوٹنگ کو گزشتہ برس ورلڈ چیمپئن شپ سے نا اہل کر دیا گیا تھا۔ اتفاق کی بات ہے کہ تائیوان کی لن یوٹنگ کا خواتین کی 57 کلوگرام کیٹیگری میں گزشتہ روز فائنل مقابلہ تھا۔
مقابلے میں کامیابی کے بعد 25 سالہ ایمان خلیف کا کہنا تھا کہ ’میں بہت خوش ہوں، 8 سالوں سے یہ میرا خواب تھا اور اب میں گولڈ میڈل جیتنے والی اولمپک چیمپیئن ہوں، میں نے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لئے آٹھ سالوں تک دن رات انتھک محنت کی ہے‘۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایمان خلیف اولمپکس باکسنگ میں سونے کا تمغہ جیتنے والی پہلی الجزائری خاتون ہیں اور 1996 کے اٹلانٹا میں ہونے والی اولمپکس میں حسین سلطانی کے بعد سونے کا تمغہ جیتنے والی پہلی الجزائری باکسر بھی بن گئیں ہیں۔