بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے سے طلاق کی خبروں کی تردید کر دی۔
ممبئی، معروف بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کی جانب سے اپنی زوجہ ایشوریا رائے سے طلاق کی خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 1 سال سے ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں کیونکہ اس جوڑی کو اکثر تقریبات میں انفرادی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش طلاق کی خبروں کے متعلق ابھیشیک بچن نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا کہ میں ابھی تک شادی شدہ ہوں۔
معروف اداکار کا کہنا تھا کہ میرے پاس ان افواہوں کے بارے میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے لیکن مجھے افسوس ہوتا ہے کہ لوگ بغیر تصدیق کیے ایسی بے بنیاد خبریں پھیلا دیتے ہیں۔
اس سے پہلے ایشوریا رائے کے بچن ہاؤس چھوڑنے کی خبریں بھی زیر گردش تھیں اور امیتابھ بچن کی جانب سے اپنی بہو کو سوشل میڈیا سے اَن فالو بھی کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اور ان کے گھر بیٹی ارادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی۔