اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر 9 مئی میں مداخلت کی بات درست ہے تو یہ اکیلے جنرل (ر) فیض حمید کا کام نہیں ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی انگلی سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کی طرف اشارہ کر رہی ہے، پاک فوج کا اندرونی احتساب کا انتظام کڑا اور بہت مؤثر ہے۔
خواجہ محمد آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنرل (ر) فیض کا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سیاسی واقعات میں ہاتھ رہا ہے۔
دوسری جانب سینیٹر فیصل واوڈا کا یہ کہنا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا جنرل (ر) فیض حمید کیخلاف کورٹ مارشل کا عمل شروع ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے یہ کہنا تھا کہ فیض حمید اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، یہ ابھی شروعات ہے معاملہ بہت دور تک جائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ معاملہ بہت دور تک جائے گا، ابھی تو آغاز ہے، ابھی بہت بڑے بت گرنے ہیں۔
سینیٹر کا یہ کہنا تھا کہ یہ بات اب صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈر شپ بھی اس کا حصہ ہے، فیض آباد دھرنا کیس تو بہت چھوٹا کیس ہے، آنیوالے دنوں میں پی ٹی آئی لیٹ جائے گی۔