وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کردیں، یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے، ماضی میں وقت ضائع ہوا اس سے سبق سیکھیں گے، مل کر کام کریں گے تو ضرور مشکلات سے باہر نکلیں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے، ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جیت کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ضائع ہونے والے وقت سے سبق حاصل کرکے محنت کریں گے، پاور سیکٹر نے گزشتہ کئی ماہ سے محنت کی ہے، وزیر توانائی اور متعلقہ حکام نے بہت محنت کی، بجلی کی قیمت کا بہت بڑا رول ہے، ہمیں وہ ادا کرنا ہے، ایف بی آر ہمارا اہم ہدف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری پاور سیکٹر اور ایف بی آر ان دو ایریاز میں بہت ترجیحات ہیں، اللہ چاہے گا تو ہم ان دو سیکٹرز میں کامیاب ہوں گے، گزشتہ 6 ماہ میں گورننس کو ڈیجیٹائزڈ کرنے کی کوشش کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ درست فیصلوں سے قوم میں امید پیدا ہوگی، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کریز سے باہر نکل کر چھکا ماریں گے تو کپتان کے ساتھ آپ کو کریڈٹ ملے گا، مل کر کام کریں گے تو ضرور مشکلات سے باہر نکلیں گے، مستحکم پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔