لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے اور ایک قوم بن کر ملک کیلئے سوچیں تو پاکستان کی قسمت بھی بدل سکتی ہے۔
14 اگست کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی، وزیراعلیٰ نے اس دوران ملکی سالمیت اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔
مریم نواز کی جانب سے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی گئی جہاں بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی۔
یوم آزادی کی تقریب سے تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم پائندہ قوم ہیں، اللہ پاکستان کو ہمیشہ قائم رکھے، میں گزشتہ روز پاکستان کے ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے میاں چنوں گئی، پاکستانی قوم میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا اقلیتوں کا بھی ہے، پاکستان میں ہر شخص کو برابر حقوق حاصل ہیں۔
وزیراعلیٰ کا یہ کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔