لاہور، وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ آزادی کی قدر کریں کیونکہ ہمیں یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے 14 اگست کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو 77 واں یوم آزادی مبارک ہو پاکستان ہمارے عظیم رہنماؤں اور آباؤ اجداد کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ یہ آزادی ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی، اس آزادی کی خاطر ہزاروں قربانیاں دی گئی ہیں، قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کے لیے ناقابل فراموش کوشش کی، یوم آزادی ہمیں اپنے عظیم قائد اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں کی یاد دلاتا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ آج کے نوجوان کو آزادی کی شاید اس لیے قدر نہیں کیونکہ یہ کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں، والدین اپنے بچوں کو فتنہ فساد سے بچائیں، یہ فتنہ اور فساد نوجوانوں کے ذہنوں میں پاکستان مخالف پرتشدد سوچ بنا رہا ہے۔
عظمی بخاری کا یہ کہنا تھا کہ باشعور نوجوانوں کو اس فتنے و فساد کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونا ہوگا، جس کے اپنے بچے برطانیہ میں ہیں وہ پاکستانی قوم کو غلامی کا درس دے رہا، آزادی کی قدر ان لوگوں کو ہوگی جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔