کراچی، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کا پہلا فیز جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
14 اگست کے موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور دیگر پولیس افسران کی جانب سے مزار قائد پر حاضری دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکار جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور پولیس بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے، جرائم کی روک تھام میں اپنا مؤثر کردار ادا کررہی ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں لوگ زخمی ہوئے ہیں، ہوائی فائرنگ پر 40 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ کا مزید یہ کہنا تھا کہ کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کا پہلا فیز جون تک مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے 3 بیوروکریٹس کو گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات مہنگی پڑ گئی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق3 افسران کو عہدوں سے فارغ کرکے او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے افسران کی گورنر سے ملاقات پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔