مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چوہدری نے نوازشریف کے الیکشن سے پہلے پاکستان آنے ایک پھر دعویٰ کر دیا، کہتے ہیں کہ الیکشن مہم نوازشریف کی قیادت میں چلائیں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے عوام کی بھرپور خدمت کی، ووٹ کو عزت عوام کی خدمت سے دے سکتے ہیں، جن سے ووٹ لئے جائیں، ان سے کئے گئے وعدے پورے کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالی، سب سے بری معیشت تھی اور سب سے بڑی اتحادی حکومت چلانے کا مشکل کام بھی انجام دیا۔ ان مشکل مراحل سے جو نبردآزما ہو سکتا تھا وہ شہباز شریف ہی تھے۔ انہوں نے بہترین طریقے سے معیشت کو سنبھالا اور حکومت بھی چلا کر دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 برس پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کا معاشی زوال شروع کیا تھا، ہم 2018 میں بھی کہتے رہے اس لاڈلے کو حکومت میں نہ لائیں، جن لوگوں کو کام کرنا آتا ہے ان کو زور زبردستی سے نہ ہٹائیں۔ اہل کو نااہل کیا گیا اور نااہل کو اہل بنا کر پاکستان پر مسلط کیا گیا اور پاکستان کا برا حال ہو گیا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم پہلے بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جاتے رہے ہیں، اب اپنی خدمات کے سر پر ایک بار پھر لوگوں کے پاس جائیں گے۔
طلال چوہدری نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق کہا کہ جب بھی آئیں گے، پارٹی باقاعدہ اعلان کرے گی۔ نوازشریف نے واپس آنے کا فیصلہ پارٹی پر چھوڑ رکھا ہے۔ وہ بہت دیر سے بضد تھے کہ ملک واپس آنا چاہتے ہیں، اگلے الیکشن میں نوازشریف مسلم لیگ (ن) کو لیڈ کریں گے، اب وزیراعظم نواز شریف بنیں گے تو شہباز شریف ان کے کارکن کی طرح کام کریں گے۔