نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد کروانا ہماری نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمے داری ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن 90 دن یا فروری میں الیکشن کروائے اس میں ہماری کوئی خواہش نہیں، اس کی ویب سائٹ پر حلقہ بندیوں کا پورا شیڈول ہے، وہاں درج ہے کہ کب تک حلقہ بندیاں کریں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوئے منتخب نمائندوں کو اقتدار دے کر چلے جائیں گے، ہم دیوالیہ پن میں جاتے جاتے بچے ہیں اور ایسا کچھ نہیں کریں گے کہ ملک جس سے عدم استحکام پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت یا کچھ قانونی ماہرین مردم شماری پر عدالت میں گئے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کل انتخابات کا کہے گا تو ہم تیار ہیں، ہماری اس معاملے پر کوئی پالیسی نہیں معاملہ عدالت میں ہے، ہم کسی فریق کا کردار ادا نہیں کریں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اسٹینڈ بائے ایگریمنٹ میں آئی ایم ایف سے کچھ وعدے کیے گئے ہیں جن میں بہت زیادہ سبسڈی نہ دینا بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زرمبادلہ کا جو حال ہے اس میں ممکن نہیں مہنگا تیل خرید کر سستا بیچیں، نہ چاہتے ہوئے بھی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اس حال میں ہو اور وزیرا عیاشی کریں تو یہ زیادتی ہوگی، یہ ضروری ہے کہ آپ کے ٹیکس کو بے دردی سے خرچ نہ کریں، کابینہ نے زور دیا ہے کہ اخراجات نہیں بڑھائے جائیں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ 16 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھایا ہے، ایک ہاتھ میں جتنی انگلیاں ہیں اس سے کم مشیر و معاون ہیں جبکہ زیادہ تر ارکان کا تعلق ان کے اپنے شعبے سے ہے، اگر مجھے سرجن جنرل بنا دیں تو اس قوم کے ساتھ کیاہوگا؟