حکومت نے شہریوں پر بجلی کے بلوں کی صورت میں آفت برپا کر دی ہے ، جس نے غریبوں کی رات کی نیند اور چین چھین لیاہے ایسی صورتحال میں ملک کے بیشتر شہروں میں صارفین سراپا احتجاج ہیں اور حکومت سے ظالمانہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہاہے ۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن نے عوامی رد عمل سے بچنے کیلئے تمام سرکاری گاڑیوں سے سبز نمبر پلیٹ ہٹانے کا ہدایت نامہ جاری کر دیاہے ۔پیسکو کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ ” لوگ بجلی کے بلوں پر سراپا احتجاج ہیں اس لیے وہ سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ، صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سرکاری گاڑیوں سے ہری نمبرپلیٹس کو ہٹا دیا جائے “۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں بجلی کے زائد بلوں سے شہری شدید پریشان ہیں وہیں واپڈا کے ملازمین موجیں اُڑا رہے ہیں، سینئر صحافی حامد میر نے بھی ایک واپڈا افسر کے گھر کے بجلی کا بل شیئر کیا ، جس میں 1200 یونٹوں کیلئے صرف 716 روپے بل بھیجا گیا جبکہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 12 ہزار روپے تک بجلی کا بل بھیج دیا گیاہے ۔