مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دن آ رہے ہیں۔
پارٹی کے اقلیتی ونگ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کے دوران مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، خوش حالی اور مہنگائی میں کمی واپس آ رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2013 سے 2018 نواز شریف دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، ان کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو ترقی کا وژن دیں گے، اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے، مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا، اب مینار پاکستان پر معاشی آزادی دلانے کا تاریخی عہد کریں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں ہم سب پاکستانی ہیں، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا حصہ قابل فخر ہے، اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم کے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔