کراچی، اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں پولیس یونیفارم میں ملبوس ڈاکو گھر سے سونا اور رقم لوٹ کر فرار ہو گئے، گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی غائب کر دی گئی، گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں پولیس کی گاڑی نظر آئی، واقعہ پرآئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا اور تحقیقات کا حکم دیدیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ واردات کرنیوالے ملزمان پولیس یونیفارم اورسادہ لباس میں گھر میں داخل ہوئے۔
متاثرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان پولیس موبائل، پک اپ کار اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو 2 کروڑ روپے، 70 سے 80 تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان لے گئے، متاثرین کے مطابق مسلح ملزمان کی تعداد 15 سے زائد تھی، گھر میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کے بعد لوٹ مار کی گئی، ملزمان 2 بھائیوں کو بھی لے گئے تھے جنہیں بلوچ پل پر اتار دیا۔
ڈکیتی کے ملزم کو رشوت لے کر چھوڑنے پر پورا تھانہ معطل
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واردات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ کون سی پولیس آئی تھی اور کیوں آئی تھی، ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے بتایا کہ سی سی ٹی وی میں ساؤتھ زون کے اعلیٰ افسر کی گاڑی نظے آنے کی اطلاع ملی ہے۔
واقعے کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے ، کسی پولیس اہلکار کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔