عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ دوبارہ چلہ کاٹنا پڑ جائے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدالت نے پنجاب حکومت کو کیسز کی مکمل رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام 9 مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا ہے، اب ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ سارے کیسز میرے چلے کے دوران یک مشت سارے پاکستان میں پھیلائے گئے ہیں، 9 تاریخ کو دہشتگردی کورٹ میں میرے 21 کیسز ہیں، اصل مسئلہ یہ ہے میرے پاس اتنے زیادہ لوگ نہیں جو ضمانت کرائیں، جو میری ضمانت کراتا ہے اس کو بھی تنگ کیا جاتا ہے۔
انہیں لگ پتہ جائے گا جب ووٹ لینے نکلیں گے: شیخ رشید
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا نواز شریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے ان کو لمبا ریلیف ملے گا، جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا میں نے کسی کو کسی کے ہاتھ کوئی پیغام نہیں بھیجا، 10 دسمبر سے الیکشن مہم شروع کروں گا، پی ٹی آئی کے کل کے فیصلے سے لگتا ہے کہ عام انتخابات میں ان کو بلے کا نشان ملے گا۔
عدالت نےکیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو مقدمات کی مکمل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔