گوجرانوالہ (26جنوری2024ء) ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ کی جانب سے گوجرانوالہ میں انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے سے متعلق ایڈیٹوریم ہال ڈسٹرکٹ پولیس لائن گوجرانوالہ میں ماسٹر ٹرینرز کی 2 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ میں انتخابات کے دوران پولیس ماسٹر ٹرینرز کو پولنگ اسٹیشن یا پولنگ بوتھ میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے متعلق مختلف اقدامات کرنے جس میں پولنگ اسٹیشن کے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے، پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کے اندراج کے لیے آنے والے ووٹرز کا اصلی قومی شناختی کارڈ چیک کرنے اور تلاشی لینے، میڈیا اور مبصرین کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پاس چیک کرنے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی صورت میں حفاظتی اقدامات کرنے کے متعلق تربیت دی گئی۔
حفاظتی انتظامات کے متعلق تربیتی ورکشاپ میں ریجنل الیکشن کمشنرگوجرانوالہ زاہد سبحانی اورڈپٹی ڈائریکٹرٹریننگ عدنان سخاوت علی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پولنگ اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے متعلق تربیت دی۔
دوروزہ تربیتی ورکشاپ میں گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور نارووال پولیس کے ماسٹرٹرینرز نے شرکت کی جو کہ تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے اضلاع کی تمام نفری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پولنگ اسٹیشنزکے حفاظتی اقدامات سے متعلق ٹریننگ دیں گے تاکہ الیکشن 2024ء کا انعقاد پر امن ہو سکے۔