کراچی، صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ڈنڈا ہر مسئلے کا حل نہیں۔
یوٹیوب اور انٹرنیٹ بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، جامعہ کراچی میں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا سائنس اور ٹیکنالوجی عروج پر اور انسانیت زوال پذیر ہے، آج جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے اور اس پر پردہ ڈالا جاتا ہے، یہ سب تعلیم یافتہ اقوام کر رہی ہیں۔
صدر مملکت کا یہ کہنا تھا کہ ٹی وی پر چلتا کچھ اور ہے، معاملہ کچھ ہوتا ہے اور پیغام کچھ اور جاتا ہے، ہم نے ہمیشہ ٹیکنالوجی اور نئی ایجاد کی مخالفت کی ہے، آج بھی انٹرنیٹ اور یوٹیوب بندکر دیا جاتا ہے، یوٹیوب اور انٹرنیٹ بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
صدر مملکت کا مزید یہ کہنا تھا کہ ڈنڈا ہر مسئلے کا حل نہیں ڈنڈے سے معاملہ ٹھیک نہیں ہو گا، قاضی کا کام قانون پر عمل کرانا ہے، قرآن میں ہے کہ دشمنی میں بھی انصاف کا دامن نہ چھوڑو۔