پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الٰہی نے اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ مذاکرات ہی موجودہ ملکی بحران سے نکلنے کا واحد حل ہے۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان ذات کے لیے نہیں ملک و قوم کے لیے مذاکرات کے لیے رضامند ہوئے ہیں۔ صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقتدر حلقوں کو سابق صدر عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیے۔موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کے ساتھ خیر خواہی نہیں ہو گی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ (ن) لیگ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، اس لیے کہ فارم 47 والی حکومت خود ہی شرماتی پھر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے مذاکرات کے نتیجہ میں (ن) لیگ کو پی ٹی آئی کا چوری شدہ منڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، (ن) لیگ کو پی ٹی آئی، اسٹیبلشمنٹ مذکرات میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے۔
انہوں کے کہا کسان گندم بیچنے کے لیے خوار ہو رہے ہیں۔ ٹک ٹاک حکومت لمبی تان کر سو رہی ہے، ہر بات میں زیرو ٹالرینس کے دعوے داروں کی زیرو پرفارمنس آپ کے سامنے ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ناجائز حکومت غیر قانونی سیٹوں اور اکثریت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ پاک فوج سمیت آئینی اداروں کے خلاف سب سے زیادہ زہر اگلنے والی جماعت (ن) لیگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متحد ہے (ن) لیگی رہنما جھوٹے پراپوگینڈے کے ذریعے اداروں اور پی ٹی آئی میں تصادم سے باز رہیں۔