اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

883,000FansLike
10,000FollowersFollow
568,900FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

15جون کو واپس آؤنگا‘ 17کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے:طاہرالقادری

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ وہ 15 جون کی صبح لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گے اور 17 جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے دھرنا دینگے۔ پرامن دھرنے اور پرامن احتجاج کی ضمانت دیتا ہوں، حکمران اپنے روایتی ہتھکنڈوں سے باز رہیں ،کرپٹ اور دہشتگرد حکمران اپنی مدت قطعی طور پر پوری نہیں کرسکیں گے ،خیر کی صبح دیکھ رہا ہوں،مال روڈ کے احتجاج میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین کو شرکت کی دعوت دے دی ہے،احتجاج کتنا طویل ہو گا اور انصاف کیلئے ہماری آئندہ کی حکمت عملی کیا ہو گی اس کا اعلان 17 جون کے دھرنے میں ہو گا،ٹرم آف ریفرنس کی تیاری کے نام پر انصاف کو ذبیح کرنے کی کوشش کی گئی۔ اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی کو ختم کرنے کا اعلان کر دے۔حکومت کے اندر کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ جسٹس باقر نجفی کو ’’مثالی ‘‘سبق سکھائیں گے اور ’’یادگار ‘‘سزا دیں گے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو متنازعہ بنانے پر کام ہورہا ہے،ہم نے حکومت کی کسی جعلی جے آئی ٹی کو تسلیم نہیں کیااور نہ ہی کسی جے آئی ٹی کی سرکاری سطح پر ہمیں کوئی رپورٹ ملی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا (ٹورنٹو )سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔طاہرالقادری نے کہا کہ ہمیں دو سال سے انصاف نہیں مل رہا ،پرامن احتجاج کے سوا ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ ہم تو دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے برسرپیکار ہیں اور حکمرانوں نے ہمارے ساتھ دہشتگردی کی، اسی لیے دو سال سے عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ دھرنے کے دوران عدالت کے حکم کے باوجود پولیس نے شہدائے ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا تھا حالانکہ کئی گھنٹے تک ریاستی دہشتگردی کے یہ مناظر کروڑوں عوام نے میڈیا کے ذریعے براہ راست دیکھے اس کے باوجود ہمیں ایف آئی آر کے اندراج کے حق سے بھی محروم کر دیا گیا اور پھر دھرنے کے دوران آرمی چیف کی مداخلت پر ایف آئی درج ہو سکی ایف آئی آر درج کرانے پر آرمی چیف کے شکرگزار ہیں لیکن مظلوموں کو انصاف دلوانے کی ذمہ داری بھی ان کے کندھوں پرہے۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب اور دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک 25 ہزار ارب کا مقروض ہو چکا، جو دودھ 2008 ء میں 30 روپے کلو تھا آج 80 روپے کلو سے زائد ہے،مٹن جو 400 روپے کلو تھا آج 800 روپے کلو میں بک رہا ہے ، 25 روپے کلو والی چینی 62 روپے کلو میں بک رہی ہے، اللہ کے بعد ملکی معیشت کا واحد سہارا کسان بھی سڑکوں پر رل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کے حوالے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انصاف کی صورت میں شہداء کا بدلہ لیں گے اور ظالم ،قاتل اورسفاک حکمرانوں کو پھندوں تک پہنچا کر دم لیں گے۔