اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

889,226FansLike
10,002FollowersFollow
569,200FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

ترک فوج سے زیادہ پاکستان کی فوج ٗعمران خان نے زبردست موقف اپنا لیا

ڈڈیال (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ترک فوج سے زیادہ پاکستان کی فوج جمہوریت کی حامی ہے ٗہم عدل و انصاف کے لیے کھڑے نہیں ہونگے تو ہم اپنی تباہی کا راستہ خود چنیں گے ٗ آزاد کشمیر میں نظام حکومت کی تبدیلی ، کڑے احتساب کی ضرورت ہے، عوام کے پاس تبدیلی کا موقع ہے ٗمقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے مودی کے دوستوں کو ووٹ کے ذریعہ ہرانا ضروری ہے ٗ خیبرپختونخوا میں وہ تبدیلی نہیں آئی جو چاہتا تھا۔ منگل کو آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ سابق فوجی جنرل پرویز مشرف نے جب نواز حکومت کا تختہ الٹا تو مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور لاہور میں مٹھائیوں کی دکانوں پر مٹھائیاں کم پڑگئیں تھیں تاہم اس کے برعکس ترک فوج کے مقابلے میں پاکستان کی فوج جمہوریت کی حامی ہے،ترک صدررجب طیب اردگان نے عوام کی خدمت کی اور ملک میں خوشحالی لے کر آئے، اسکولوں کے اخراجات بڑھائے، دگنی یونیورسٹیاں بناتے ہوئے ترکی کو خود دار بنایا،جب فوج کے ٹکڑے نے انہیں ہٹانے کی کوشش کی تو عوام نے ان کے ساتھ کھڑے ہو کر جمہوریت کو بچایا۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان ایک خواب کا نام تھا جس کو ایک مثالی ریاست بنانا تھی جس میں عدل و انصاف ہونا تھا لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان کے خواب سے ہم بہت دور جا چکے ہیں، ملک میں مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، کسان کے خرچے پورے نہیں ہوتے، ڈلیوری کے وقت پاکستان میں سب سے زیادہ خواتین کی اموات ہوتی ہے، ملک میں نوکریاں نہیں مل رہیں کیونکہ سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے، آج سب سے زیادہ کرپشن پاکستان میں ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار یہاں نہیں آتے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے ملک کو مزید مقروض کرتے ہوئے لوگوں کو بھکاری بنا دیا،6 ہزار ارب روپے ساری ملکی تاریخ کا قرضہ تھا اور گزشتہ 3 سال میں موجودہ حکومت نے 6 ہزار ارب روپے قرضہ لیا، لندن میں جو اقتدار میں آکر ایک سے 2 فیکٹریاں بنا دے اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے تاہم جب وزیراعظم نواز شریف پہلی بار اقتدار میں آئے تو 81 میں ان کی ایک فیکٹری تھی اور93 تک ان کی 28 فیکٹریاں بن گئیں اور ان کے صاحبزادے نے لندن میں ساڑھے 600 کروڑ کا گھر بنا لیا، جس ملک کے وزیرا عظم کا بیٹا لندن میں ساڑھے 600 کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے اس کے والد نے 5 سال پہلے 5 ہزار روپے ٹیکس دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم عدل و انصاف کے لیے کھڑے نہیں ہونگے تو ہم اپنی تباہی کا راستہ خود چنیں گے، عوام انہی لوگوں سے امید لگاتے ہیں جنہیں بار بار منتخب کرتے ہیں، اگر انہیں کچھ کرنا ہوتا تو اب تک وہ کر چکے ہوتے۔ عمران خان نے کہاکہ آزاد کشمیر میں نظام حکومت کی تبدیلی ، کڑے احتساب کی ضرورت ہے، عوام کے پاس تبدیلی کا موقع ہے، وزیراعظم نواز شریف مودی سے کشمیر پر بات نہیں کرینگے ان کے کاروباری مفادات ہیں۔21 جولائی کو تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کا مطلب تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے مودی کے دوستوں کو ووٹ کے ذریعہ ہرانا ضروری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لئے جو منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اسے اتنی ہی زیادہ مزاحمت کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو گی۔ تحریک انصاف برسرا قتدار آ کر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گی۔ پاکستان اور آزادکشمیر میں شفاف اور غیر جانبدار با ختیار الیکشن کمیشن وقت کی ضرورت ہے۔ بھمبر کی تحصیل سماہنی میں جلسہ سے خطاب میں کپتان کا ہدف وزیراعظم نواز شریف تھے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے اور مشرف کے این آر او پر باہر جانے والے انہیں جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔ عمران خان نے الزام لگایا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن دھاندلی کے بغیر جیت ہی نہیں سکتی۔ عمران خان نے کہاکہ جمہوریت عوام کی خدمت نہ کرے تو عوام جمہوریت کے ساتھ نہیں کھڑی ہوتی۔ کپتان نے کے پی کے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وہ تبدیلی نہیں آئی جو چاہتا تھا صوبے میں اسٹیٹس کو نے پنجے گاڑ رکھے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ آتے ہوئے پتہ نہیں چلا ہیلی کاپٹر کہاں اترنا ہے بھارت جانے لگا تھا ٗاچھا ہوتا میرا ہیلی کاپٹر بھارت چلا جاتا مودی سے دو باتیں کر لیتا۔ نریندر مودی سے پوچھ ہی لیتا کشمیر میں ظلم کیوں ڈھا رہے ہو۔ عمران خان نے کہاکہ امریکا افغانستان میں کچھ نہیں کر سکا تم کشمیر میں کیا کر لو گے۔ مجھے دیگر مقامات سے زیادہ آزاد کشمیر میں تبدیلی نظر آتی ہے ان کا مزید کہنا تھا بار بار باریاں لینے والے ایک اور باری لے کر کیا کر لیں گے۔میر پور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے کہ آزاد کشمیر کے لوگ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔ کرپشن کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ جب لیڈر کرپٹ ہو گا تو پیسہ آف شور کمپنیوں میں جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا خیبر پختونخوا میں 365 ڈیم بنا رہے اسی طرح آزاد کشمیر میں ڈیم بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ تبدیلی تب آئے گی جب اس ملک کے سربراہ کا احتساب ہو گا اور احتساب کا عمل نواز شریف سے شروع ہو گا۔بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن کے لئے فضا بنادی ہے۔فوج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو من مانی اور دھاندلی کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفر آباد، کھڑی شریف،ڈڈیال، سماہنی، چڑہوئے میں مختلف جلسوں اوراجتماعات خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جہانگیر ترین ، امیدواران اسمبلی خواجہ فاروق احمد،شوکت فرید، چوہدری رزاق،اظہر صادق،چوہدری ارشد حسین، عثمان عتیق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ بیرسٹرسلطان آئندہ وزیر اعظم ہونگے جہاں پر وہ کشمیر کی آزادی کے لئے کوشاں ہونگے وہاں پر احتسابی عمل کا بھی آغاز کریں گے۔آزاد کشمیر چھوٹا علاقہ ہے اور انتہائی خوبصورت ترین علاقہ ہے۔ہم یہاں کی خوبصورتی کے لئے ترقیاتی کام کرائیں گے۔یہاں پر ترقی کی راہیں کھول دیں گے۔کشمیر کے نوجوانوں کو یہاں پر ہی روزگار مہیا کیا جائے گا۔اختیارات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔جہاں پر ہم نے یہ نعرہ دیا ہے کہ کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہونگے وہیں ہم یہ نعرہ بھی دیں گے کہ گاؤں کے فیصلے گاؤں اور شہر کے فیصلے شہر میں ہونگے۔عمران خان نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ تحریک انصاف مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائیگی۔