اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

881,956FansLike
10,001FollowersFollow
568,800FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

22 ہزار کے قریب جعلی پاکستانیوں کی شناخت، یکم ستمبر سے کارروائی کا اعلان

اسلام آباد(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ نادرا کو شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا تھا، اس ٹائم فریم کا آج پہلا ماہ ختم ہوا ہے۔ ایک ماہ میں 20 فیصد شناختی کارڈز تصدیق ہو چکے ہیں۔ ہر روز شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 2 کروڑ 24 لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ناقدین کے بارے میں زیادہ باتیں نہیں کرنا چاہتا۔ شناختی کارڈز کا نظام بہتر کر رہے ہیں تو کیڑے نہ نکالے جائیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ زیادہ تر مشتبہ شناختی کارڈز اور پاسپورٹس مشرف اور پیپلز پارٹی کے دور میں بنے۔ شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے ہیلپ لائن پر 37 ہزار کالیں موصول ہوئیں۔ اب تک بائیس ہزار لوگوں نے بتایا کہ ان کے فیملی ٹری میں غیر متعلقہ اشخاص کا اندراج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 31 اگست کے بعد غیر قانونی طور پر شناختی کارڈز حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کیخلاف مقدمات کا آغاز شروع ہو جائے گا۔ جعلی شناختی کارڈز کے حامل غیر ملکیوں کی گرفتاریاں ہونگی، انھیں جیل ہوگی جبکہ ملک بدر بھی کا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز اختیارات سے متعلق وفاقی حکومت کو نہیں بتایا گیا۔ رینجرز اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے، اس بارے میں میڈیا سے پتہ چلا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کی مشاورت سے شروع کیا گیا تھا۔ کراچی آپریشن کو پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔ رینجرز کے معاملے کو سیاسی نہیں بنانا چاہیے۔ کراچی کا آپریشن مفت میں نہیں ہوا، اب تک اس آپریشن میں 31 جوان شہید جبکہ 89 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ پچھلے دنوں کراچی میں دن دیہاڑے ہمارے دو جوان شہید کر دیے گئے۔ انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم رینجرز کو سیاسی فٹ بال نہیں بننے دیں گے۔ امید کرتا ہوں کہ ہر دفعہ توسیع کا مسئلہ سیاسی مسئلہ نہیں بنے گا۔ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کئی ایشوز زیر غور آئے۔ آئندہ ہفتے ایک اہم اجلاس ہوگا جس میں آرمی چیف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شریک ہونگے۔ آئندہ کی پیشرفت کے بارے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔