اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

884,110FansLike
9,999FollowersFollow
568,900FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

پاناما لیکس :ٹی اوآرز پر ڈیڈ لاک پید ا ہوگیا،اعتزاز، ذمہ دارصرف حکومت ،شاہ محمود

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاناما لیکس کی تحقیقات کے ضوابط کار طے کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں شامل حزب مخالف کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر حکومت اپوزیشن کے 15 نکات میں سے 13 کو من وعن تسلیم کر لے تو وہ ان نکات میں سے وزیراعظم نواز شریف کا نام اورانہیں سعودی عرب میں ملنے والے تحائف کے نکات کو حذف کرنے کیلئے تیار ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے 24 مئی کو پاناما لیکس، کک بیکس اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے قرضے معاف کروانے کی تحقیقات کے بارے میں ضابطہ کار طے کرنے کیلئے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جسے ضوابط کار طے کرنے کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔دوسرے روز پارلیمانی کمیٹیوں کی نشست کے بعد پاناما لیکس پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی کے اپوزیشن رکن اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ احتساب کا آغاز وزیراعظم کے خاندان سے ہی ہوگا۔انہوں نے میڈیا ،اخبارات میں آنے والی خبروں کے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم کواستثنیٰ دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی۔وزیراعظم بحیثیت ٹی او آرز میں آتے ہیں۔ٹی او آرز پر اتفاق رائے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کے درمیان ڈیڈلاک کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا حکومت سے کل بھی کہا 13سوالات مان لیں دو سے پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن حکومت نے ہمارے ٹی او آرز کو تسلیم نہیں کیا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے کوئی اختلاف نہیں،پاناما لیکس کے تمام نام کمیشن کو جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا آج ہونے والے اجلاس میں پندرہ ٹی او آرزدوبارہ حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے جنہیں حکومت نے تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز جامع ہیں، ہمارے ٹی او آرز سے سب کا احتساب ہو گا۔دوسری جانب اعتزاز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ایک انچ بھی بات آگے نہیں بڑھی۔ ڈیڈ لاک کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ کل ہم نے فراخدلی سے چار ابتدائیہ نکات پر اتفاق کیا تھالیکن حکومت فراخدلی کا مظاہر ہ نہیں کررہی۔شاہ محمود نے کہا کہ گزشتہ روز یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ہم وزیراعظم کا نام نکالنے پر تیار ہیں ۔انہوں نے کہاہم اپنے موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ہم نے کرپٹ عناصر کو بے نقاب کرنا ہے۔حکومت نے سوالات نہ مانے تو سب صفر ہوجائے گا۔