اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

885,652FansLike
10,000FollowersFollow
569,000FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

’بھارت سے کشمیریوں کے آنسوؤں کی قیمت لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت سے کشمیریوں کے ایک ایک آنسو کی قیمت لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سیالکوٹ میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی تقریبِ حلف بردار سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کاروباری و معاشی سطح پر اور تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں سیالکوٹ کی اہمیت ہے، وہیں یہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے دفاعی حصار کا پہلا مورچہ بھی ہے۔  فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ کے میڈیا کا کردار صرف خبریں لگانا، عوام کے مسائل اجاگر کرنا ہی نہیں بلکہ قومی سلامتی کو اجاگر کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہاں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن بحال ہو۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آج ان حالات میں، جہاں پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں پر حملے ہورہے ہیں، ایسے وقت میں حکومت صحافیوں کے قلم کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قلم کی طاقت وہ موثر ہتھیار ہے جو بندوق کی گولی سے زیادہ موثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے 9 لاکھ فوج کا پہرہ بٹھا کر کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا رکھا ہے، کرفیو لگا کر ان سے بنیادی حقوق چھین لیے، انہیں ادویات دستیاب نہیں، کھانے پینے کی بنیادی اشیا، جو ان کا حق ہے، تک بھی انہیں رسائی حاصل نہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت مضحکہ خیز اور لرزہ خیز تصویر پیش کررہی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انسانیت کی تذلیل کرنے والا اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنانے والا مودی طاقت، جبر اور غرور میں بین الاقوامی قراردادیں، مذمتی بیانات یا انسانی حقوق کی تنظیموں کے مختلف میڈیا کے ذریعے جاری کیے گئے خدشات پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں، ایسے حالات میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں قلم کی طاقت ہی وہ واحد طاقت رہ جاتی ہے جس کے ذریعے آپ بین الاقوامی سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ تعاون کرکے سوشل میڈیا کو رابطے کا ذریعہ بنائیں اور بھارتی جارحیت، آزاد کشمیر، ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی قیادت کے آر ایس ایس نظریے، مودی کے ہٹلر اور نازی نظریے و فلسفے کو بے نقاب کریں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے قرارداد سامنے آئی ہے، جس میں نہ صرف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی مذمت کی گئی بلکہ اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔