اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

879,834FansLike
9,999FollowersFollow
568,800FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ کا فل کورٹ ا جلاس یکم جولائی کو طلب کرلیا

لاہور (مانیترنگ ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے رولز کمیٹی کی طرف سے مرتب کی گئیں ماتحت عدلیہ میں دیوانی مقدمات کے رولز میں ترامیم کی منظوری کے لئے لاہور ہائیکورٹ کا فل کورٹ اجلاس یکم جولائی کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان پر مشتمل رولز کمیٹی نے ماتحت عدلیہ میں زیر سماعت دیوانی مقدمات کے رولز میں موجود سقم دور کرنے کی سفارشات تیار کی ہیں ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے رولز میں ترمیم کی سفارشات کی حتمی منظوری کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے ججز کا فل کورٹ اجلاس یکم جولائی کو طلب کر لیا ہے۔فل کورٹ اجلاس میں عدالت عالیہ لاہورکے موجودہ اٹھاون ججز شرکت کریں گے۔دیوانی مقدمات کے موجودہ رولز میں بہتری کی سفارشات دیتے ہوئے عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب دعویٰ آنے تک کیس انتظامی جج کے پاس رہے گا جس کے بعد متعلقہ جج کو بھجوایا جائے گا، جواب دعویٰ آنے کے بعد فریقین کو مصالحت کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے گا۔عدالت فریقین کی موجودگی اور رضا مندی سے فیصلے کی تاریخ مقرر کر کے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرئے گی۔فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت سات دن تک فیصلہ سنائے گی، عدالت فیصلہ کی نقول بھی فریقین کو موقع پر فراہم کرنے کی پابند ہو گی، اپیلٹ کورٹ فریقین کوازسر نو نوٹس دینے کی پابند نہیں ہو گی،اپیلٹ کورٹ ٹرائل عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی صورت میں تفصیلی فیصلہ دینے اور جواز فراہم کرنے کی پابند نہیں ہو گی البتہ ٹرائل عدالت کا فیصلہ مسترد کرنے کی صورت میں جواز اور تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔رولز کمیٹی کے دیگر ممبران میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس شمس محمود مرزا،جسٹس طارق عباسی اور سینئر ایڈووکیٹ ظفر کلانوری کے علاوہ شہزاد شوکت شامل ہیں۔