اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

882,597FansLike
10,001FollowersFollow
568,900FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

چیمپئنز کے چیمپئن قومی ہیروز پر آج انعامات کی برسات

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب منگل کو وزیر اعظم ہاؤس میں سجائی جائے گی،عالمی رینکنگ میں 8ویں پوزیشن کے ساتھ میگاایونٹ میں مہم کا آغاز کرنے والے گرین شرٹس سے کوئی سیمی فائنل میں رسائی کی بھی توقع نہیں کررہا تھا، بھارت کے ہاتھوں گروپ میچ میں شکست کے بعد تو رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھرتا نظر آنے لگا، مگر سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے ناقابل یقین انداز میں نہ صرف کم بیک کیا بلکہ ٹائٹل پر بھی قبضہ جمالیا، اس کامیابی پر حکومت کی جانب سے کرکٹرز کو انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا تھا، وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کیلیے کھلاڑی اور آفیشلزاسلام آباد میں اکٹھے ہونگے، کھلاڑی اسلام آباد پہنچ کر مقامی ہوٹل میں قیام کرینگے جہاں سے انھیں فول پروف سیکیورٹی انتظامات میں وزیراعظم ہاؤس پہنچایا جائیگا، کاؤنٹی کرکٹ کیلیے انگلینڈ میں موجود پیسر محمد عامر شریک نہیں ہوسکیں گے،ان کا چیک پی سی بی کا کوئی عہدیدار یا ساتھی کرکٹر وصول کرے گا، کوچ مکی آرتھر و دیگر غیرملکی کوچز بھی اپنے اپنے ملک میں موجودگی کے سبب نہیں آ سکیں گے ۔تقریب میں شرکت کیلیے پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز،اعلیٰ حکومتی ارکان کو بھی دعوت دی گئی ہے،پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان،ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور یونس خان سمیت سابق کرکٹرز بھی موجود ہوںگے،گورننگ بورڈ کے ارکان کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض کو وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک ایک کروڑروپے دیے جائیں گے۔ ہیڈکوچ مکی آرتھر، فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود کیلیے50،50 لاکھ روپے کا اعلان ہوا ہے، ٹیم منیجر طلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، انچارچ ٹور آپریشنز شاہداسلم، اینالسٹ طلحہ اعجاز،سیکیورٹی منیجر اظہر،فزیوتھراپسٹ شان ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو25،25 لاکھ روپے ملنے ہیں۔چیمپئنز ٹرافی کے فاتح قومی ہیروز پر منگل کو انعامات کی برسات ہوگی،وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ، مکی آرتھراور 4 معاون کوچز کو 50،50لاکھ، دیگر آفیشلز کو 25، 25لاکھ روپے انعام سے نوازا جائیگا،کاؤنٹی کرکٹ کیلیے انگلینڈ میں موجود پیسر محمد عامر شریک نہیں ہوسکیں گے۔