اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

883,718FansLike
9,999FollowersFollow
568,900FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

بولنگ کوچ کی پوسٹ، عاقب جاوید مضبوط امیدوار بن گئے

کراچی(سپورٹس ڈیسک)عاقب جاوید قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے، مشتاق احمد بھی دوڑ میں موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جمعرات کو لاہور میں پی سی بی حکام سے پہلی ملاقات ہوئی،اس موقع پر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،آرتھر نے فوری طور پر بولنگ کوچ کے تقرر کا کہا، وہ نہ صرف انگلینڈ کے اہم ٹور بلکہ دیگر سیریز میں بھی بولرز کی رہنمائی کیلیے کسی کا ساتھ چاہتے ہیں، حکام نے ان سے کہا کہ وہ خود اس حوالے سے کوئی موزوں امیدوار بتائیں، آرتھر جمعے کوکوئی نام پیش کریں گے۔میٹنگ میں عاقب جاوید کے نام پر غور ہوا اور وہ فیورٹ بھی نظر آتے ہیں، اسی کے ساتھ مشتاق احمد بھی دوڑ میں موجود ہیں، عاقب یو اے ای کی ٹیم کو چھوڑ کر حال ہی میں پی ایس ایل سائیڈ لاہور قلندرز کے ساتھ وابستہ ہوئے ہیں، انھوں نے اسی لیے گذشتہ دنوں بنگلہ دیشی بورڈ کی بولنگ کوچ کے حوالے سے پیشکش بھی مسترد کر دی تھی،وہ پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہشمند تھے مگر غیرملکی کو ترجیح دیے جانے کے اشارے ملنے پر درخواست دینے سے گریز کیا تھا،ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے خدمات انجام دی تھیں، اس سے قبل مشتاق احمد یہ ذمہ داری نبھاتے رہے تاہم گذشتہ دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے منسلک ہو گئے، سپرلیگ میں کراچی کنگز کیلیے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے آرتھر ان کے کام سے بخوبی واقف ہیں، مگر بورڈ سابق اسپنر کو اکیڈمی سے نہیں ہٹانا چاہتا، چیئرمین شہریارخان اس حوالے سے واضح اعلان کر چکے ہیں۔دوسری جانب کوچ نے ڈسپلن کے معاملے میں بورڈ سے مکمل تعاون طلب کر لیا، ان کا کہنا تھا کہ حکام، سلیکٹرز اور مینجمنٹ سب کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے، میں کسی کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر معاف نہیں کروں گا، آرتھر نے اس ضمن میں آسٹریلیا و جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے دور کوچنگ کی بعض مثالیں بھی پیش کیں، پی سی بی آفیشلز نے انھیں مکمل سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اگر انھیں کسی بھی کھلاڑی کے رویے پر کوئی شکایت ہو تو ضرور ایکشن لیں،کسی کو کوئی اعتراض نہ ہو گا۔ سلیکشن کے حوالے سے مکی آرتھر پر واضح کیا گیا کہ انضمام الحق ان سے مشاورت کرتے رہیں گے، دورئہ انگلینڈ سے قبل بھی کوچ سے فون پر رائے لی گئی تھی۔ دریں اثنا مکی آرتھر کی رہائش کا انتظام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کیا گیا ہے،انھوں نے بورڈ سے سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھیں کوئی تشویش لاحق نہیں۔