اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

885,906FansLike
10,000FollowersFollow
569,000FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

تقاریر سب کرتے ہیں، دل سے کہی بات کا اثر ہوتا ہے

سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا آج پہلی بار سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں، ہم سے جو بلوچستان کے لئے ہو سکا کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تقاریر سب کرتے ہیں، دل سے کہی بات کا اثر ہوتا ہے، ملک میں تبدیلی کی سوچ ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کے دل میں عوام کا درد ہے۔

انہوں نے کہا ملک تباہی کی طرف جا رہا تھا، پاکستان کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، ملک مقروض ہونے سے بنیادی سہولتوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم قرض اتارنے کیلئے کثیر رقم ادا کر رہے تھے، ممالک کو مقروض بنا کر تباہ کر دیا جاتا ہے، جب ایلیٹ کیلئے ملک بن جاتا ہے توعام شہری نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لئے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا، سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے۔ ملک کی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ماضی میں جو قرضے لئے گئے، اس کے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں، حکمرانوں نے ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہوگئے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں صحت کی سہولیات کے لئے فوج اور صوبائی حکومت مل کر کینسر ہسپتال بنائے گی۔ تقریب میں گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق وزیراعظم عمران خان گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا آرمی ایوی ایشن بیس پر استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پاک فوج اور بلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میگا منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں، بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے جب کہ اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات نے اسپانسر کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس سے مقامی آبادی کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی جب کہ کارڈیک اسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز، ایکو اور نیوکلیئر کارڈیو سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، کارڈیک اسپتال میں ماحول دوست بائیو میڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق این 50 موٹر وے کوئٹہ اور ژوب کو ملائے گی، این پچاس شاہراہ کچلاک، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ سے گزرے گی، این پچاس کی تعمیر سے کوئٹہ سے ڈی آئی خان کا سفر 12 گھنٹوں کے بجائے 4 گھنٹوں میں طے ہو گا، این پچاس کی تعمیر سے خیبر پختونخوا سے اشیاء کی سمندر تک تیز رفتار ترسیل ممکن ہوگی جب کہ این پچاس شاہراہ کی تعمیر سے مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ تا ژوب سڑک گوادر تک سی پیک مغربی روٹ کاحصہ ہے، این پچاس مغربی سرحد کے ساتھ ساتھ ذیلی علاقائی کو ریڈور بھی ہو گا جو افغانستان، ایران کو پاکستان سے ملاتے ہوئے سی پیک مغربی روٹ تک رسائی دے گا۔