ایرانی صدر پاکستان کے 3 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ایرانی صدر اپنی اہلیہ اور دیگر معززین کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق ایرانی صدر وزیر اعظم پاکستان اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔

ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں جبکہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

اسرائیلی کارروائی کا فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا، ایران

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی، ایرانی صدر کا پاکستان دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہی مملکت کا یہ پہلا دورہ ہوگا، اس سے پہلے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا تھا۔