اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

858,215FansLike
9,986FollowersFollow
564,600FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

محمد زبیر کو گورنر کا عہدہ نواز شریف سے وفاداری پر ملا، عمران خان

کراچی (مانیترنگ ڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جو لوگ شریف خاندان سے مخلص ہیں انہیں میرٹ نظرانداز کرکے اوپر لایا جاتا ہے اور محمد زبیر کو بھی گورنر سندھ کا عہدہ قابلیت نہیں وفاداری پر ملا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ میں زیادہ تر ایسے افراد شامل ہیں جو نوازشریف کی کرپشن سے فائدہ اٹھارہے ہیں، جو لوگ شریف خاندان سے مخلص ہیں انہیں میرٹ نظرانداز کرکے اوپر لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کرپشن کرتے ہیں تو ان کو بھی پی سی بی میں اہم عہدہ مل گیا، محمد زبیر سب جاننے کے باوجود بھی شریف خاندان کے دفاع میں مصروف ہیں لہذا انہیں بھی گورنر سندھ کا عہدہ نوازشریف کی کرپشن چھپانے پر ملا ہے نہ کہ قابلیت پر۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کا آئندہ ہفتے تک نتیجہ آجاتا لیکن جسٹس عظمت شیخ کی طبیعت کی خرابی کے باعث ایسا نہ ہوسکا، امید ہے پیر سے پاناما کیس کی سماعت شروع ہو جائے گی اور اس پر جو بھی فیصلہ آئے گا قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی کسی طاقتور کی عدالت میں تلاشی نہیں ہوئی تاہم عدالت میں جو حقائق آرہے ہیں اسی سے پاکستان تبدیل ہوگا، سب کو معلوم ہے کہ قطری خط بہت بڑا فراڈ ہے اور قطری سفیر کا بیان خط کے جھوٹا ہونے کا ثبوت ہے، جب سے پاناماکیس شروع ہوا میاں صاحب صرف فیتے کاٹ رہے ہیں، زندگی میں کبھی نہیں سنا آدھے موٹروے کا افتتاح کیا جائے تاہم فیتےکاٹنے سے کچھ نہیں ہوگا انہیں تلاشی تو دینی پڑے گی۔ عمران خان نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کراچی کو وقت نہیں دے سکا، کراچی میں کرپشن مافیا بیٹھا ہوا ہے، شہر کے تمام گراؤنڈز چائنہ کٹنگ میں گم ہوگئے ہیں، کراچی روشنیوں کا شہر تھا لیکن اب ہرجگہ گندگی کے ڈھیر ہیں اور یہاں پینے کا پانی تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا کوئی والی وارث ہی نہیں ہے جب کہ پنجاب میں صرف لاہور میں ترقی ہورہی ہے،مجھے پاناما سے فارغ ہونے دیں پھر سب کوپتہ چل جائے گا پاکستان کہاں جارہا ہے۔ اس سے قبل اپنے دوست کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی تحریک انصاف اور سیاسی شعور رکھنے والوں کا شہر ہے لیکن ایم کیو ایم کی لسانی سیاست نے شہر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے حالات خراب تھے، اسی وجہ سے اس شہر میں ہماری تنظیمیں نہیں بن سکیں لیکن اب صورت حال ٹھیک اور سیاست بہتر ہورہی ہے، ملک کی خاطر سول سوسائٹی کے افراد اب سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔