اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

886,334FansLike
10,001FollowersFollow
569,000FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

آن لائن شاپنگ، خواتین کےلیے مفید مشورے

کراچی (ویب ڈیسک) آن لائن خریداری کا رجحان خواتین میں کافی مقبول ہوچکا ہے۔ خاص طور پر وہ خواتین اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھارہی ہیں جو مصروفیت کے باعث بازار نہیں جا سکتیں یا جو رش میں چلنے پھرنے اور دکان داروں سے بھاؤ تاؤ کرنے سے گھبراتی ہیں۔
جہاں آن لائن شاپنگ سے خواتین کو خریداری کرنے میں آسانی ہوئی ہے وہیں انھیں دھوکا دہی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آن لائن جو چیز پسند کی جاتی ہے، پارسل ملنے پر اس میں سے بالکل وہی شے برآمد نہیں ہوتی۔ پھر نہ تو اس چیز کو استعمال کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی واپس کرکے اپنی رقم حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس لیے عقل مندی کا تقاضا ہے کہ جب بھی آن لائن خریداری کریں تو سوچ سمجھ کر،تا کہ نقصان نہ اٹھا نا پڑے۔ ضروری نہیں آن لائن خریدی گئی ہر چیز بری ہو۔ بہت سی ویب سائٹس ایسی بھی ہیں جو قابلِ بھروسہ ہیں اور آرڈر کے مطابق اشیاء خریداروں کو فراہم کرتی ہیں۔ کچھ خواتین کا کہنا ہے کہ کپڑوں اور دوسری چیزوں کی خریداری میں تو انھیں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوتا لیکن جب بات جوتوں کی آجائے تو وہ پریشان ہو جاتی ہیں کہ آن لائن جوتوں کی خریداری میں ان کے ناپ کا اندازہ کیسے ہوگا؟ اس کے لیے بھی خواتین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوںکہ ویب سائٹ پر ہر آئٹم کی تفصیل موجود ہوتی ہے ۔ سب سے پہلے آپ اس چارٹ کو ڈھونڈیں جہاں ناپ کے حوالے سے مکمل تفصیلات موجود ہوں۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ہر کمپنی کا جوتوں کا سائز ایک نہیں ہوتا ۔ہو سکتا ہے ایک کمپنی کا جوتا آپ کو 6نمبر کا آتا ہو تا جب آپ کسی اور کمپنی سے خریدیں تو اس کا نمبر مختلف ہو ۔ اس لیے اس کا آسان طریقہ یہی ہے کہ آپ کوئی بھی جوتا آرڈر کرنے سے قبل ویب سائٹ پر دی گئی ہیلپ لائن پہ رابطہ کریں۔ انھیں اپنے ناپ کے بارے میں بتائیں تو وہ آپ کی صحیح رہنمائی کریں گے۔ کوشش کریں کہ کسی ایسی ویب سائٹ سے خریداری کریں جہاں فٹ ویئر پسند نہ آنے یا سائز چھوٹا بڑا ہونے کی صورت میں واپس یا تبدیل کرنے کی سہولت موجود ہو۔ کئی بار یوں بھی ہوتا ہے کہ جب پارسل گھر آتا ہے تو خواتین اپنے کسی کام میں مصروف ہوتی ہیںَ وہ پارسل رکھ کر بھول جاتی ہیں۔ کئی روز کے بعد انھیں پارسل چیک کرنے کا خیال آتا ہے۔ اس وقت تک ویب سائٹ کی پالیسی کے مطابق خریدی گئی اشیاء تبدیل کرنے کی مدت ختم ہوچکی ہوتی ہے۔ اسی لیے خواتین کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ جب بھی کوئی چیز خریدیں اور پارسل گھر آئے تو اسے اسی وقت دیکھ لیں تا کہ بدلنے میں آسانی ہو۔جوتوں کی خریداری کرتے وقت ایک اور بات کا بھی دھیان رکھیں کہ خریدنے سے پہلے اس کی ہیلز کا سائز بھی دیکھ لیں۔ جب ہر طرح سے مطمئن ہو جائیں تب آرڈر دیں۔ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں ۔ اگر نئے ڈیزائن کے جوتے خریدنا چاہتی ہیں تو بہتر یہ ہوگا کہ پہلی دفعہ آن لائن نہ خریدیں، کیوں کہ ضروری نہیں جو جوتے تصویر میں اچھے لگ رہے ہیں وہ آپ کے پیروں میں بھی سجیں ۔ ہمیشہ آرام دہ جوتوں کا انتخاب کریں تا کہ چلنے میں آسانی ہو ۔ پہلی بار آن لائن جوتا خریدتے ہوئے احتیاطاً ایک جوڑی خریدیں۔ آرڈر موصول ہونے پر جوتوں کی کوالٹی پسند آئے تو پھر زیادہ تعداد میں خریدے جاسکتے ہیں۔ پیسوں کا معاملہ بھی دیکھ بھال کے کریں۔ اکثر آن لائن ویب سائٹس کریڈٹ کارڈ کے ذریعے قیمت لیتی ہیں۔ مگر بہتر یہ ہے کہ ان ویب سائٹس سے خریداری کریں جنھیں ادائیگی آرڈر کیا گیا سامان وصول ہونے پر کرنی ہوتی ہے۔ایک اور بات کا بھی خیال رکھیں کہ اگر کسی ویب سائٹ سے خریداری کا ارادہ رکھتی ہیں تو پہلے اس کی ساکھ کے بارے میں جان پہچان کے لوگوں سے معلومات حاصل کریں جب مطمئن ہو جائیں تب خریداری کریں۔