اسلام آباد، وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وعدہ کریں کہ پالیسیوں کے تسلسل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
14 اگست کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس ملک کے قیام کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بیشمار قربانیاں دیں، پاکستان کو داخلی اور خارجی معاملات میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پالیسیوں کے عدم تسلسل کی وجہ سے ترقی کے اہداف کا درست تعین کرنے سے قاصر رہے ہیں، ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں لیکن آج تک ہم اپنے ترقی کے اہداف کا تعین نہیں کرسکے۔
وفاقی وزیر کا یہ کہنا تھا کہ حکومت کو ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، عہد کریں پالیسیوں کے تسلسل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
دوسری جانب پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر سرچ انجن گوگل بھی پاکستانیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے۔
سرچ انجن گوگل اکثر اوقات اہم دنوں اور اہم شخصیات کی سالگرہ وغیرہ کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل تبدیل کرتا ہے، آج پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر بھی گوگل نے ایسا ہی کیا ہے۔
14 اگست کے موقع پر آج گوگل نے اپنے ڈوڈل کو نیا رنگ دیا ہے اور پاکستانیوں کی اس آزادی کے دن کو نہ صرف سبز ہلالی پرچم بلکہ پاکستان کے معروف ٹرک آرٹ سے سجایا ہے۔