ورکرزکوعزت دو۔ ۔۔ن لیگ کے اجلاس میں ہنگامہ ،متعددزخمی

اسلام آباد(محمدجابر)مسلم لیگ ن کےمرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں بد نظمی کے باعث 10لیگی کارکنان زخمی ہو گئے،اجلاس کے شروع ہونے سے قبل ہی ن لیگ کے کنونشن سنٹر میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی،سیکیورٹی اہلکا روں نے کنونشن سنٹر کے ہال میں موجود لیگی کارکنوں کو دھکے دے کر باہر نکال دیا کچھ وقت گزرنے کے بعد جب کارکنوں نے ہال کے اندر جانا چاہا تو انہیں اس بات کی اجازت نہیں دی گئی،جس پر کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور صورتحال بد نظمی میں تبدیل ہوگئی،اس دوران لیگی کارکنوں نے کنونشن سنٹر کے ہال کے شیشے توڑ دئیے ،وہاں موجود خار دار تار کو پیچھے ہٹا دیا اور واک تھرو گیٹ کو بھی نقصان پہنچا یا،اس ہنگامہ آرائی کے دورا 10لیگی کارکنان بھی زخمی ہو گئے،دریں اثنا اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ (ن)کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے بھائی اور وزیراعلی پنجاب شہبازشریف مسلم لیگ (ن)کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے ہیں، مسلم لیگ (ن)کی صدارت کے لئے شہبازشریف کے مقابلے میں کسی نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے، جبکہ شہبازشریف کے کاغذاتِ نامزدگی پر چاروں صوبوں کے تائید و تجویز کنندگان نے دستخط کئے جن میں فاروق حیدر، طاہرہ اورنگزیب، سیال خان ناصر اور کھیل داس کوہستانی شامل ہیں،اس سے قبل مسلم لیگ (ن)کی صدارت کے مستقل صدر کے انتخاب کے لئے جنرل کونسل پارٹی کا اجلاس اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں شیڈول تھا تاہم شہبازشریف کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے بعد اب اجلاس میں صرف مسلم لیگ(ن)نے نومنتخب صدر کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جس میں نوازشریف اور شہباز شریف خطاب کریں گےواضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ نواز شریف کو پارٹی کی صدارت سے بھی نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد نواز شریف کو پارٹی کا تاحیات قائد جب کہ شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا عارضی صدر مقرر کیا تھا۔