پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر "سائبرحملہ ” کردیا۔نجی نیوز چینل کا دعویٰ

اسلام آباد (نیوزالرٹ )بھارت نے بغیر تحقیق کے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا جس کے بعد ایک بار پھر بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف اوچھی حرکتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ،بھارت نے پاکستانی دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر حملہ کر دیاہے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کو کئی ممالک سے ویب سائٹ اوپن نہ ہونے کی شکا یات موصول ہو رہی ہیں ۔برطانیہ ،امریکہ ،نار وے ،تھائی لینڈ ،نیدر لینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک میں ویب سائٹس پر سائبر حملہ ہوا ہے جس کو ناکام بنانے کے لیے وزارت خارجہ کی آئی ٹی ٹیم کام کر رہی ہے ۔ویب سائٹس پر وزیراعظم عمران خان کا پروفائل بھی اڑا دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت مختلف طریقوں سے حملے کر رہا ہے، بھارتی ہیکرز کے اس حملے کو بھی ناکام بنا دیں گے ۔سائبر حملے کے بعد امریکا، برطانیہ، ہالینڈ، ناروے، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں دفتر خارجہ کی ویب سائٹ نہیں دیکھی جاسکتی جب کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ویب سائٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کیس اور ایف اے ٹی ایف سے خوفزدہ بھارتی ہیکرز کی جانب سے ویب سائیٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔