اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

885,337FansLike
9,999FollowersFollow
568,900FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

گوجرانوالہ آرٹس کونسل کے زیراہتمام نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے سیمینار

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) ثقافتی کے فروغ کے ذریعے سے امن اور رواداری کے رویوں کو پروان چڑھایا جا سکتاہے۔ معاشرے میں امن اور بھائی چارے کے جذبات کو ثقافتی تقریبات کے ذریعے پیش کر کے پر امن معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے ۔ملکی ترقی اور پائیدار امن کے حصول کے لئے ہمیں پنجابی، سندھی،بلوچی اور پختونخواہ کی بجائے حقیقی معنوں میں محب وطن پاکستانی بننا ہو گا۔خدا کے نزدیک مذہب صرف اسلام ہے جس میں فساد پھیلانے والے کے لئے سخت الفاظ استعمال کئے گئے ہیں اور امن قائم کرنے والوں کے لئے آخرت میں انعامات کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ اسلام سلامتی کا مذہب ہے اور اللہ کے احکامات میں سب سے زیادہ فساد سے بچنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلامی معاشرے میں بلا تفریق رنگ و نسل و زبان کسی کو بھی کسی کو ایک دوسرے پر برتری کا اختیار نہیں ہے ۔ اسلام میںبرتری کا معیار تقویٰ کی بنیاد پر رکھا گیا ہے اور متقی وہ ہے جو فساد اور تکبر سے مبرا ہو۔ عالمی امن علاقائی مسائل کے مناسب حل میں پوشیدہ ہے۔ جنوبی مشرقی ایشیا ء کو پر امن اور روادار خطہ بنانے کے لئے اور امن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کا فوری حل بہت ضروری ہے۔ داخلی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے نوجوانوں کو فکر ی اسلحہ سے لیس کرنا بھی ضروری ہے۔ طلباء و طالبات شخصیت سازی کے عمل سے گزر رہے ہیں ان کو مثبت سوچ کا حامل بنا کر بھی معاشرے میں خوب صورتی لائی جا سکتی ہے۔ نوجوان نسل کو اپنے مذہب اور ثقافت پر نازاں ہونا چاہیے۔ ہماری قوم دنیا کی ذہین ترین قوم ہے انہیں دہشت کی ذد سے باہر نکالنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ آرٹس کونسل کے زیراہتمام نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں مختلف مقررین نے کیا۔مقررین نے کہا کہ ہماری ثقافت امن بھائی چارہ اور رواداری کی امین ہے۔ اس میں برداشت اور دوسرے کی رائے کے احترام کو بنیادی حثیت رہی ہے۔ لہذا ہمیں اپنی درخشاں ثقافتی روایات کا احیاء کرنا ہو گا اور معاشرے میں فرد سے لے کر خاندان اور پورے ملک میں پیار و محبت کی فضاء قائم کرنا ہو گی۔ اظہار خیال کرنے والوں میں معروف اسکالربریر حسین نقوی، اسکالرعمران گل او ر مذہبی اسکالر پیر اشرف شاکر ، ، ڈاکٹر حلیم خاں ریذیڈنٹ ڈائریکٹرگوجرانوالہ آرٹس کونسل اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ماڈل ٹاون گوجرانوالہ شامل ہیں ۔