سعودی ولی عہد کا وہ دورہ جس کا یہاں بہت چرچا تھا اب ایک ماہ سے زائد مدت کے لیے مؤخر ہوگیا ہے۔
اس سے قبل سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی ولی عہد 19 مئی کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئیں گے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ان کا یہ دورہ اس وقت تک مؤخر ہوگیا ہے۔ جیو نیوز کی خبر کے مطابق جب تک کہ دونوں فریقین باہمی رضامندی سے نئے عبوری شیڈول کا تعین نہیں کرلیتے۔
سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی اور اسے شہزادہ محمد بن سلمان نے قبول بھی کرلیا تھا۔
اعلیٰ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے شہزادہ محمد بن سلمان حج اور عید الاضحیٰ کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کریں چنانچہ اب ان کا دورہ جون کے تیسرے ہفتے میں ہوسکتا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ جونہی ان کا دورے کا شیڈول طے پا جائے گا وہ عوام کے سامنے لایا جائے گا۔