کراچی :اورنگی ٹاؤن میں فرنیچرمارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی ،بھاری مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ

کراچی: اورنگی ٹاؤن نمبر 5میں فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بھاری مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 5کی ٹمبر مارکیٹ میں رات ساڑھے تین بجےآگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہوگئیں، پانی ختم ہونے پر مزید گاڑیوں کو طلب کیا گیا جو بنارس میں جاری ترقیاتی کام کے سلسلے میں کھودے گئے گڑھے میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔عینی شاہدین کے مطابق مارکیٹ میں موجود بجلی کے کھمبے کے ساتھ لگے تارسے اچانک چنگاری نکلی اور فرنیچر کی دوکان میں گرگئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دوکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچنے کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔فائر ٹینڈر آفیسر کے مطابق آگ مارکیٹ کی 8 دوکانوں میں لگی اور ساڑھے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، اب کولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ واقعہ میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے یا جلنے کی اطلاع نہیں ملی، آگ کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی جس کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔