بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ

اسلام آباد: نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت کے حوالے سے سماعت ہوئی جس میں نیپرا نے کوئلے اور ایل این جی والے پلانٹس کم چلائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پلانٹس چلانے سے صارفین کو زیادہ ریلیف مل سکتا تھا۔ سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے موقف اختیار کیا کہ ایل این جی کم ملنے سے پلانٹ نہیں چلائے گئے جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ایل این جی نہ ملنا جواز نہیں تحریری جواب جمع کرائیں، فرنس آئل والے پلانٹس کو کوئلے پر چلایا جاتا تو فی یونٹ 59 پیسے کمی ہوسکتی تھی۔ بعدازاں نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی تاہم بجلی کی قیمتیں بڑھنے کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا، اضافہ اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جب کہ فیصلے سے صارفین پر3 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔واضح رہےسینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت فی یونٹ 64 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔