آنے والی نسلوں کے لیے نئے آبی ذخائر بنائیںگے

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت آنے والی نسلوں کے لیے نئے آبی ذخائر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پانی کی اہمیت وافادیت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان قدرتی خزانوں کے ساتھ بہترین آبی وسائل سے مالامال ہے۔انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کوبروئے کار لاکرخوشحال اورترقی یافتہ بنایا جاسکتا ہے، پانی کے کم ہوتے ذخائر کو محفوظ بنانا قومی ذمےداری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت آنے والی نسلوں کے لیے نئے آبی ذخائر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں پانی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد پینے کے پانی کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ اسے محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دینا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 1993 میں ہرسال ’پانی کا عالمی دن‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد پوری دنیا میں یہ دن 22 مارچ کو منایا جاتا ہےاقوامِ متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق ہرانسان روزانہ دو سے چار لیٹر پانی پیتا ہے جس میں خوراک میں موجود پانی بھی شامل ہے۔ پاکستان دنیا کے ان سترہ ممالک میں شامل ہے جو پانی کی قِلت کا شکار ہیں۔