اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

888,179FansLike
10,001FollowersFollow
569,100FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

وزیر بلدیات سندھ کا کورنگی کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

کراچی(عادیہ ناز) وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نےکہاہےکہ کراچی میں تعلیمی معیارکو بہتر بنانےاوراعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کےقیام کاسلسلہ جوگذشتہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے شروع کیاتھااس کاتسلسل آج بھی جاری ہے۔کراچی میں قانون کی تعلیم کے لئے گذشتہ دور میں پیپلز پارٹی کی حکومت نےشہید ذوالفقارعلی بھٹولاء یونیورسٹی کلفٹن میں قائم کی اور اسی نام سے ایک دوسری یونیورسٹی کورنگی میں زیر تعمیر ہے۔جس کاکام تیزی سےجاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کورنگی میں زیر تعمیر شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کورنگی کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور چیف انجنئیرز نے صوبائی وزیر کو زیر تعمیر لاء یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے یونیورسٹی کے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر شعبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹرکو یونیورسٹی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہوسکے تو جو شعبہء جات مکمل ہوگئے ہیں ان کو مکمل طور پر فرنشڈ کرکے وہاں کلاسوں کاآغاز کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 13.50 پر بننے والی اس یونیورسٹی میں مین عمارت کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر شعبہ جات کا 50 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور منصوبے کی مقررہ تاریخ سے قبل ہی انشاء اللہ یونیورسٹی کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس یونیورسٹی کی تعمیر شدہ مین عمارت کو اس سال کے آخر تک مکمل کرکے تدریس کا سلسلہ شروع کردیا جائے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم چایتے ہیں کہ لانڈھی، کورنگی اور اطراف کے علاقوں کے طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کےحصول کےلئےدیگر جگہوں کی بجائےاپنے علاقوں میں تعلیم حاصل کریں اور اس سلسلےمیں جہاں لاء یونیورسٹی کا کورنگی میں قیام کیا جارہا ہے اسی طرح لانڈھی 36-B میں میڈیکل یونیورسٹی کا قیام بھی زور و شور سے جاری ہے ۔ انشاء اللہ آئندہ مالی سال کے دوران ہم کراچی سمیت صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں اسی طرح کی یونیورسٹیز اور کالجز بنائیں گے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد بانی کے ہمراہ معروف شاعر اور ادیب جمیل جالیبی کی رہائشگاہ پر ان کے بیٹے خاور جمیل جالیبی سے ان کے والد کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ مرحوم جمیل جالیبی چوٹی کے شاعر اور ادیب تھے اور ان کی اردو ادب کے لئے خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے۔