عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور عمران خان کے قانونی مشیر بابر اعوان لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔

وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قبل از گرفتاری ضمانت کا معاملہ ہے اس لیے عدالت آئے ہیں۔

فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی جائے گی، پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کے خلاف پولیس افسران اور خاتون جج کو دھمکی دینے پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔