سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کے فوری آڈٹ کا حکم دے دیا

سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کلب اور سی ڈی اے کے معاملات حل کرنے کے لیے ہم نے کمیٹی بنائی تھی، ایک اجلاس میں چائے کا خرچہ 4لاکھ 16 ہزار روپے آیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سنا ہے قائداعظم بھی اجلاسوں میں چائے بسکٹ نہیں دیتے تھے، سپریم کورٹ کے اجلاسوں میں کھانے پینے کا خرچ ہم خود کرتے ہیں۔

ممبر کمیٹی نعیم بخاری نے بتایا کہ کمیٹی سی ڈی اے کو 1880 ملین رقم کی ادائیگی کرنا چاہتی ہے، عدالت نے کہاکہ زمین لیز اور رقم کی ادائیگی پر متعلقہ اتھارٹی فیصلے کرے، ہم کچھ نہیں کریں گے، گن کلب قومی اثاثہ ہے جس کو صرف تحفظ دینا چاہتے ہیں، حکومت جلد از جلد قانون سازی کرے اور کلب کے انتظامات کو خود سنبھالے۔