صوبائی اسمبلیوں سے استعفے کب دینے ہیں :عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات آج ہو گی

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات آج بروز جمعرات یکم دسمبر کو ہوگی۔

آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور اسمبلیوں سے متعلق مختلف قانونی امور پر بات چیت کی جائے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں۔ دوسری جانب عمران خان نے پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی کو ہفتے کے روز لاہور طلب کرلیا ہے۔

اس حوالے سے خرم شیر زمان نے کہا کہ ملاقات میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب عمران خان عام انتخابات کی تیاریوں کے لیے متحرک ہوگئے ہیں، انہوں نے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم سے متعلق پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع کردی ہے۔