راولپنڈی، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کا کہنا ہے کہ عمران خان جیل سے پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں لہذا معافی ان سے مانگنی چاہیے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ کون سی سیاسی جماعت سے بات کرنی ہے، فیصلہ عمران خان کریں گے، عوام کا مینڈیٹ واپس لیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔
عمران خان جیل سے پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، معافی ان سے مانگنی چاہیے۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ڈائیلاگ کر سکتی ہیں، عمران خان اداروں پر یقین رکھتے ہیں، مینڈیٹ کی واپسی اور قیدیوں کی رہائی پر بات چیت لازمی ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے مزید کہا کہ اگر عمران خان آرمی چیف کو خط لکھیں گے تو اچھی بات ہے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنےحالیہ بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ایک مخصوص سیاسی جماعت کو معافی مانگنے کا کہا تھا، اسکے بعد سے کچھ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اسکی مخالفت میں بیانات دیے جارہے ہیں۔