قندیل بلوچ کی میت ورثا کے حوالے، نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل

ملتان(ویب ڈیسک )گزشتہ روز بھائی کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی ماڈل قندیل بلوچ کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے جب کہ نماز جنازہ کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق قندیل بلوچ کی میت نشتر اسپتال میں ورثا کے حوالے کی گئی جس کے بعد ورثا میت کو لے کر ڈیرہ غازی خان روانہ ہو گئے۔ قندیل کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ماڈل کی نماز جنازہ 10 بجے ادا کی جائے گی جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قندیل بلوچ کی تدفین ڈیرہ غازی خان میں ان کے آبائی قبرستان شاہ صدر الدین میں ہو گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قندیل بلوچ کو اس کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا جب کہ پولیس نے وسیم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔